اہم خبریں بین الاقوامی

اب مقامی ہتھیاروں کی مدد سے جنگ جیتیں گے،بھارتی بڑھک


نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی آرمی چیف بپن راوت اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول نے دعوی کیا ہے کہ بھارت اپنی اگلی جنگ مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں سے نہ صرف لڑے گا بلکہ اس جنگ میں اپنے دشمنوں کو شکستِ فاش دے کر اپنی عسکری برتری ثابت بھی کردے گا۔یہ دونوں اعلی اور ذمہ دار بھارتی عہدیداران نئی دہلی میں ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنازئزیشن (ڈی آر ڈی او) کی 41 ویں ڈائریکٹرز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔واضح رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب فرانس سے خریدے گئے 36 رافیل لڑاکا طیاروں میں سے پہلا طیارہ بھارتی فضائیہ کے سپرد کیا گیا ہے اور بھارتی ساختہ جیٹ انجن کاویری کے منصوبے پر بھی کام عملا بند پڑا ہے۔بپن راوت کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج مستقبل کی جنگ میں استعمال ہونے والے نظاموں کا جائزہ لے رہی ہے جس کیلیے انہیں سائبر، خلائی، لیزر، الیکٹرونک اور روبوٹک ٹیکنالوجیز کے علاوہ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) پر بھی کام شروع کرنا ہوگا۔انڈین آرمی چیف نے بھارت کی فوجی ضروریات کو مقامی ذرائع سے پوری کرنے کے ضمن میں ڈی آر ڈی او کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کو مستقبل کی جنگ کیلیے ہتھیاروں پر کام کرنے کے علاوہ ایسی ممکنہ جنگوں کیلیے بھی تیاری کرنی چاہیے جن میں دشمن سے دوبدو جھڑپ نہ ہو۔