اہم خبریں

فیصل آباد میں کورونا وائرس مزید 4 افراد کی زندگی نگل گیا

فیصل آباد (ویب ڈیسک) ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں کرونا سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، کرونا وائرس مزید چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ سرکاری ہسپتالوں کی وارڈز کرونا کے کنفرم اور مشتبہ مریضوں سے بھر گئیں، ایڈیشنل سیشن جج کے سٹینوگرافر کرونا کی علامات ظاہر ہونے پر ضلع کچہری جڑانوالہ کی عدالت بند کر دی گئی۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق کرونا وائرس کا شکار ہو کر منڈی کوارٹر علامہ اقبال کالونی کا رہائشی 40 سالہ طارق محمود ولد محمد دین، سرفراز کالونی کا رہائشی بنک آفیسر عبدالرحیم اور جڑانوالہ کا رہائشی 60 سالہ اصغر علی زندگی کی بازی ہار گئے۔ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ نے جاں بحق ہونیوالوں کو کرونا ایس او پیز کے مطابق ان کے آبائی علاقوں میں تدفین کر دی گئی جبکہ دوسری طرف ضلع کچہری جڑانوالہ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عثمان علی اعوان کی عدالت کے سٹینوگرافر میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر گھر میں کورنٹائن کرتے ہوئے کرونا ٹیسٹ لیبارٹری بھجوا دیئے گئے جبکہ عدالت کو بند کر دیا گیا جبکہ شہر کے سب سے بڑے الائیڈ ہسپتال سول ہسپتال اور گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر میں مریضوں کی مجموعی تعداد تین سو کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے جس میں سے 70 کے قریب آکسیجن کی شدید کمی کا شکار اور 13 وینٹی لیٹرز پر زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔