Uncategorized

فیصل آباد میں آندھی وطوفانی بادوباراں،6افراد زخمی


فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں آندھی وطوفانی بادوباراں کے دوران دو گھروں کی چھتیں زمین بوس ہو گئیں، ملبے تلے آ کر ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 6 افراد شدید زخمی، کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے، بجلی کا نظام بھی درہم برہم، کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے، ریسکیو1122 کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کیں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کرایا۔ تفصیلات کے مطابق فیضان مدینہ والی گلی مدرسہ کھرڑیانوالہ شیخوپورہ روڈ پر واقع گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی سمیت دو بچے ملبے تلے آ کر زخمی ہو گئے زخمیوں میں 35 سالہ غلام رضا ولد صادق، اہلیہ 35 سالہ شمیم اختر، بیٹیاں 13 سالہ کریم فاطمہ اور 10 سالہ نور فاطمہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں نیشنل کالونی بلال مسجد کے قریب واقع گھر پر آسمانی بجلی گری اور چھت زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجہ میں زخمی ہونیوالوں میں 16 سالہ محمد سعد عثمان ولد خاور محمود اور اسکی بہن 18 سالہ فیفہ شامل ہیں جنہیں ریسکیو1122 ٹیموں نے جائے حادثات پر پہنچ کر زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال کر الائیڈ ہسپتال داخل کرایا جہاں ڈاکٹرز انکے علاج ومعالجہ میں مصروف ہیں آندھی وطوفانی بادوباراں کے باعث کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جس کے نتیجہ میں کوئی جانی نقصان نہ ہوا البتہ بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ بجلی کے کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے پولیس دفاتر سمیت کئی جگہوں پربجلی بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔