اہم خبریں پاکستان

لاک ڈائون میں غیر اعلانیہ نرمی، پولیس ناکے بھی ختم کر دیئے گئے

فیصل آباد (ویب ڈیسک) جلد ملک سے کورونا وائرس کا خاتمہ ہو گا اور کاروباری سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی،شہری حلقے

کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کئے جانیوالے لاک ڈائون میں غیر اعلانیہ طور پر نرمی کر دی گئی ہے، اس تناظر میں لگائے جانیوالے پولیس ناکے ختم کر دیئے گئے تاہم دفعہ144 بدستور نافذ ہے اور لاک ڈائون میں نرمی کے باوجود شہریوں کو بلاضرورت نقل وحرکت سے گریز کرنا چاہیے۔ وہ کاروباری مراکز جن کے کھولنے پر پابندی ہے وہ بدستور بند رہیں گے اور لاک ڈائون کی مدت ختم ہونے پر حکومت انہیں کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کرے گی۔ فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی بھی بدستور عائد ہے تاہم ڈبل سواری کے ساتھ ہاتھ نرم رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔ ادھر کاروباری حلقوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ انہیں حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے کاروبار کی اجازت دی تاکہ انہیں درپیش معاشی مسائل حل ہو سکیں۔ عوامی سماجی حلقوں نے لاک ڈائون میں کی جانیوالی غیر اعلانیہ نرمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ انشاء اﷲ بہت جلد ملک سے کورونا وائرس کا خاتمہ ہو گا اور کاروباری سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔